قومی خبریں

title_image


Share on Facebook

پونچھ ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے الزام عائد کیا ہے کہ کانگریس پارٹی پردے کے پیچھے جموں وکشمیر میں حکومت بنانے کی سازش کررہی ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ ریاست میں 2014 میں ہوئے انتخابات میں لوگوں نے کانگریس پارٹی کو مسترد کیا ہے۔ بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے گذشتہ شام یہاں منعقدہ پارٹی جلسے کے موقع پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’کانگریس پارٹی ایک بہت بڑی سازش کررہی ہے۔

جموں وکشمیر میں 2014 میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو جموں کی عوام نے مسترد کر دیا ۔ صرف دو ممبر اسمبلی کامیاب ہوئے تھے‘۔ انہوں نے کہا ’کانگریس پردے کے پیچھے سازش کرکے جموں وکشمیر کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ خبریں آرہی ہیں کہ دہلی میں ایک ایسی سازش رچی جارہی ہے جس کا مقصد جموں وکشمیر میں سرکار بنانا ہے‘۔ رویندر رینا نے کہا کہ بی جے پی چاہتی ہے کہ ریاست میں پہلے لاء اینڈ آدر صورتحال بہتر ہو۔ انہوں نے کہا ’جموں وکشمیر میں لاء اینڈ آڈر صورتحال خراب ہے۔ پہلے یہاں کے حالات کو ٹھیک کرنا ہے۔ یہاں بے گناہ لوگوں کے قتل کے سلسلے کو روکنا ہے۔ بندوق، بم اور گرینیڈ کے ماحول سے وادی کو باہر نکالنا ہے۔

جموں وکشمیر کے تینوں خطوں میں یکساں ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ کسی کے ساتھ امتیاز نہیں کرنا ہے‘۔ انہوں نے کہا ’کانگریس جموں کے قوم پرست لوگوں کے خلاف سازش کررہی ہے۔ ریاست کے قوم پرست لوگ کانگریس کو معاف نہیں کریں گے‘۔