دہلی

title_image


Share on Facebook

سری نگر:جموں وکشمیر کے دو روزہ دورے پر آنے والے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے جمعرات کو یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ریاست میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا۔ تاہم وزیر داخلہ وادی میں ناسازگار موسم کی وجہ سے جنوبی کشمیر میں سطح سمندر سے 13 ہزار 500 فٹ بلندی پر واقع امرناتھ گھپا میں حاضری نہیں دے پائے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا ’مسٹر راجناتھ سنگھ کی صدارت میں جمعرات کی صبح یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں موصوف نے ریاست میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا‘۔ انہوں نے بتایا ’میٹنگ کے دوران ریاستی گورنر نریندر ناتھ ووہرا نے وزیر داخلہ کو ریاست میں مختلف پروجیکٹوں پر جاری کام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی‘۔

میٹنگ میں ریاستی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ چیف سکریٹری بی وی آر سبھرامنیم ، گورنر کے تینوں مشیر بی بی ویاس، وجے کمار اور خورشید احمد گنائی بھی موجود تھے۔ بتادیں کہ قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول، مرکزی داخلہ سیکرٹری راجیو گابا، جوائنٹ سیکرٹری جے اینڈ کے گیانیش کمار اور وزرات داخلہ کے اعلیٰ افسران بھی مرکزی وزیر کے ہمراہ ریاست کے دورے پر آئے ہیں۔

مسٹر راجناتھ نے بدھ کے روز یہاں گورنر این این ووہرا کے ساتھ راج بھون میں ریاست میں سیکورٹی صورتحال، ترقیاتی پروگراموں کی عمل آوری اور نوجوانوں کو ترقیاتی عمل میں شریک کرنے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

راج بھون کے ایک ترجمان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا تھا کہ گورنر نے شری امر ناتھ جی یاترا کے بارے میں بھی وزیر داخلہ کو جانکاری دی۔ وزیر داخلہ نے بدھ کو سری نگر کے لئے روانہ ہونے سے قبل اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا ’جموں وکشمیر کے دو روزہ دور پر سری نگر جارہا ہوں۔ دورے کے دوران ریاست کی سیکورٹی کا جائزہ لیا جائے گا۔ شری امرناتھ جی کی گھپا پر حاضری بھی دوں گا‘۔

مسٹر راجناتھ سنگھ اپنے دو روزہ دورے کے دوران ریاست کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے علاوہ امرناتھ گھپا میں شیو لنگم کا درشن بھی کرنے والے تھے۔ تاہم وادی میں ناسازگار موسم کی وجہ سے وہ امرناتھ گھپا میں حاضری نہیں دے پائے۔28 جون کو شروع ہوچکی سالانہ امرناتھ یاترا 26اگست کو رکھشا بندھن کے تہوار کے موقع پر خصوصی پوجا کے ساتھ اختتام پزیر ہوگی۔

وزیر داخلہ نے اس سے قبل 7 جون کو ریاست کا دورہ کیا تھا۔ تاہم یہ ریاست میں بی جے پی اور پی ڈی پی کی مخلوط حکومت گرنے کے بعد مسٹر راجناتھ سنگھ کا پہلا ’دورہ جموں وکشمیر‘ ہے۔