قومی خبریں

title_image


Share on Facebook

ممبئی: ریزرو بنک کے نام کا استعما ل کرکے عام لوگوں کو ٹھگنے کی سرگرمیوں کے درمیان سنٹرل بینک نے عام لوگوں کو اس طرح کے جعلسازوں سے ہوشیار رہنے کے لئے کہا ہے۔

سنٹرل بینک باقاعدہ وقفہ کے بعد لوگوں کو آگاہ کرتا رہتا ہے۔ اس نے کہاکہ اس طرح کی سرگرمیوں میں شامل لوگ آر بی آئی کے نام کا استعمال کرکے عام لوگوں کے ساتھ فریب دہی کرتے ہیں۔ یہ عناصر آر بی آئی کے نقلی لیٹر ہیڈ کا استعمال کرتے ہوئے آر بی آئی کا ملازم ہونے کے نام پر ای میل بھیجتے ہیں اور لوگوں کو غیرممالک سے جعلی تجاویز/لاٹری جیتنے/غیرملکی کرنسی میں سستے فنڈکا لالچ دیتے ہیں اور ان سے کرنسی پروسیسنگ فیس، غیرملکی کرنسی ایکسچنج فیس، پہلے ادائیگی وغیرہ کی شکل میں پیسہ کی وصولی کرتے ہیں۔

ریزرو بنک اپنی ’عوام بیداری مہم‘ کی شکل میں عوام کو ایس ایم ایس بھیجنے، آوٹ ڈور اشتہار اور ٹیلی کاسٹنگ بیداری فلموں جیسے مختلف طریقوں کے ذریعہ فرضی ای میلوں پر بیدارکرتا رہا ہے۔

بنک نے کہاکہ ریزرو بنک کسی بھی شخص کا اکاونٹ نہیں رکھتا ہے۔ اس کے افسران کے نام پر دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہنے کے لئے کہا ہے۔ ریزرو بنک کا کوئی بھی شخص لاٹری جیتنے/غیرملک سے پیسہ حاصل کرنے کے بارے میں کوئی فون نہیں کرتا ہے اور نہ ہی لاٹری وغیرہ جیتنے کے سلسلہ میں کوئی ای میل بھیجتا ہے۔ ریزرو بنک لاٹری جیتنے یا غیرملک سے فنڈحاصل کرنے کی جعلی تجاویز کے لئے کوئی ایس ایم ایس یا لیٹر یا ای میل نہیں بھیجتا ہے۔

اس نے لوگوں سے ایسی فریب دہی کے بارے میں مقامی پولیس یا سائبر کرائم اتھارٹی کو خبر دینے کی اپیل کرتے ہوئے عام لوگوں کو ایسے لوگوں /اداروں کے کمیونکیشن کا جواب نہ دینے اور آر بی آئی کے نام سے ملنے والے فریب دہی والے ای میل پر بھروسہ نہیں کرنے کا مشورہ دیا ہے۔