دہلی

title_image


Share on Facebook

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں گذشتہ شام ایک فوجی اہلکار نے اپنے کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مارکر خودکشی کرلی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کپواڑہ کے چرکوٹ نامی قائم 28 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کے کیمپ میں تعینات رائفل مین رنجیت سنگھ نے مبینہ طور پر گذشتہ شام دوران ڈیوٹی اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلائی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ فوجی اہلکار کو درگمولہ میں واقع فوجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ کچھ گھنٹوں تک موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔

پولیس نے بتایا کہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مذکورہ فوجی جوان نے خودکشی کا قدم کیوں اٹھایا۔ انہوں نے بتایا ’ہم نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے‘۔ پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ قانونی اور طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد مہلوک فوجی اہلکار کی لاش اس کے آبائی گھر بھیجی جائے گی۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود وادی میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں سال 2009 سے لیکر اب تک قریب 1100 سیکورٹی فورس اہلکاروں نے خودکشی کی ہے۔